20 Apr, 2024 | 11 Shawwal, 1445 AH

Question #: 2368

February 04, 2019

Kaya Maa bahan ya Beti (Yani koi bhi mehram) ke sath zina karnay walay ki taubha qabool hai?

Answer #: 2368

کیا ماں بہن یابیٹی( یعنی کوئی بھی محرم) کے ساتھ زنا کرنے والے کی توبہ قبول ہے؟

الجواب حامدا ومصلیا

جب آدمی سچے دل سے توبہ  کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ  بھی اس کی توبہ کو قبول فرمالیتے ہیں، اور اس کے گناہوں کو معاف فرما دیتے ہیں،  چنانچہ اللہ سبحانہ وتعالیٰ کا ارشاد ہے:

وَاِنِّىْ لَغَفَّارٌ لِّمَنْ تَابَ وَاٰمَنَ وَعَمِلَ صَالِحًا ثُمَّ اهْتَدٰى.

‘‘اور یہ حقیقت ہے کہ جو شخص توبہ کرے، ایمان لائے، اور نیک عمل کرے ، پھر سیدھے راستے پر قائم رہے تو میں اس کے لیے بہت بخشنے والا ہوں’’۔

 یعنی جو بھی میرے حضور توبہ کرے تو میں اس کی توبہ قبول فرما لیتا ہوں، خواہ اس نے کیسا ہی گناہ کیا ہو۔

 سیدنا ابوہریرہ  رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے رب سے روایت کی، فرمایا :  ایک بندہ گناہ کر بیٹھا تو اس نے کہا، اے اللہ! میرا گناہ بخش دے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ (میرے) بندے نے گناہ کیا، پھر اس نے جان لیا کہ اس کا ایک مالک ہے جو گناہ بخشتا ہے اور گناہ پر مؤاخذہ بھی کرتا ہے، اس آدمی نے پھر گناہ کیا اور کہا کہ اے میرے مالک! میرا گناہ بخش دے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ میرے بندہ نے ایک گناہ کیا اور اس نے جان لیا کہ اس کا ایک رب ہے جو گناہ بخشتا ہے اور گناہ پر مؤاخذہ بھی کرتا ہے۔ اس آدمی نے پھر گناہ کیا اور کہا کہ اے میرے پالنے والے! میرا گناہ بخش دے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ میرے بندے نے گناہ کیا اور اس نے جان لیا کہ اس کا ایک اللہ ہے، جو گناہ بخشتا ہے اور گناہ پر مؤاخذہ بھی کرتا ہے، تو اے بندے ! اب تو جو چاہے عمل کر، میں نے تجھے بخش دیا۔   ( مسلم، کتاب التوبۃ، باب قبول التوبۃ من الذنوب )

لہذا صورت مسئولہ میں   ماں بہن یابیٹی( یعنی کسی بھی محرم) کے ساتھ زنا  کرنے  والا  اللہ تعالیٰ سے  اگر پکی سچی توبہ کرلے اور  اس کے بعد نیک  سیرت اور اچھے چال چلن کے ساتھ  زندگی گذارے ، تو اللہ تعالیٰ اس  کی توبہ کو ضرور قبول فرمائیں گے ۔ بلکہ بدکاری کے بعد نیک اور اچھی زندگی گزارنا اس بات کی علامت ہے کہ اللہ تعالیٰ نے توبہ قبول فرما کر معاف کردیاہے۔

والله اعلم بالصواب

احقرمحمد ابوبکر صدیق  غفراللہ لہ

دارالافتاء ، معہد الفقیر الاسلامی، جھنگ

‏۰۸ ، ‏ جمادى الثانی‏ ، ۱۴۴۰ھ

‏13‏ ، فروری‏ ، 2019ء