29 Mar, 2024 | 19 Ramadan, 1445 AH

Question #: 2929

March 09, 2022

نماز قصر کس طرح پڑھتے ہیں؟ کیا قصر صرف فرضوں کی ہی ہوتی ہے باقی نماز پوری پڑھنی ہوتی؟

Answer #: 2929

الجواب حامدا ومصلیا

قصر صرف ظہر ، عصر اور عشاء کے فرائض میں ہے ، یعنی ظہر ، عصر اور عشاء کے فرض چار کی بجائے دو  پڑھنے ہوں گے۔ باقی نمازوں کے فرائض ،  سنتیں اور  وتر میں قصر نہیں ہوتی، ان کو پورا پڑھنا ہوتا ہے۔

سفر میں سنتیں پڑھنے کے حوالے سے حکم کی تفصیل یہ ہے کہ اگر سفر جاری ہو اورجلدی ہو یا گاڑی نکلنے کا اندیشہ ہو تو   پھر صرف فرائض کی ادائیگی کافی ہے، اور فجر کی سنتوں کے علاوہ باقی سنتوں کو چھوڑنا جائز ہے، البتہ فجر  کی سنتوں کی تاکید چونکہ  بہت زیادہ ہے، اس  لیے فجر کے فرائض کے ساتھ وہ بھی پڑھی جائیں گی۔ اور اگر سفر جاری ہو اور  کسی مقام پر نماز کے لیے ہی رکے ہوں اور جلدی نہ ہو  تو سنتوں  کا  پڑھنا بہتر اور افضل ہے ۔ اسی طرح اگر مسافر کسی شہر یا بستی میں ٹھہرا ہو  چاہے، پندرہ دن سے کم ہی قیام ہو تو بھی  سنتیں  پڑھنی چاہییں۔

والله اعلم بالصواب

احقرمحمد ابوبکر صدیق غَفَرَاللہُ لَہٗ

دارالافتاء ، معہد الفقیر الاسلامی، جھنگ