29 Mar, 2024 | 19 Ramadan, 1445 AH

Question #: 2994

July 21, 2022

کیا میں اپنے والدین کے لیے اپنی بیوی کو طلاق دوں؟ میرے والدین اسے پسند نہیں کرتے کیونکہ وہ میری پسند ہے اور اس کے چھوٹے بال ہیں باقی وہ بہت پرہیزگار اور نرم دل ہے۔ میں اس سے محبت کرتا ہوں اور وہ بھی مجھ سے اسی طرح محبت کرتی ہے کیا میں اسے طلاق دوں؟

Answer #: 2994

الجواب حامدا ومصلیا

اگر  والدین  کسی  شرعی  وجہ  کے بغیر طلاق کا مطالبہ کریں تو ان کا بلاوجہ طلاق کا مطالبہ کرنا درست نہیں ہے  اور  بلا وجہ مطالبہ کرنے کی صورت میں بیوی کو طلاق دینا بھی درست نہیں ہے، البتہ اگر  بیوی ان کے  ساتھ  اچھا برتاؤ نہ کرتی ہو، ان کی گستاخی کرتی ہواور بدگوئی اور بے رخی سے پیش آتی ہو اور سمجھانے کے باوجود باز نہ آتی ہو تو پھر ان کے مطالبہ پر طلاق دینے کی گنجائش ہوگی،اور اگر بیوی میں ایسی کوئی بات نہیں تو اس صورت میں والدین کی بات  ماننا لازم نہیں ہے؛ اس لیے   کہ حلال کاموں میں اللہ تعالیٰ کے نزدیک سب سے زیادہ ناپسندیدہ  بات طلاق دینا ہے؛ لہٰذا  حتی الامکان انتہائی سخت مجبوری کے بغیر طلاق دینے سے گریز کرنا چاہیے، نیز  جس طرح  اگر والدین حق پر ہوں تو والدین کی اطاعت واجب ہے، اسی طرح اگر بیوی حق پر ہو تو والدین کی اطاعت ظلم ہے۔ اور اسلام جس طرح والدین کی نافرمانی کو برداشت نہیں کرسکتا، اسی طرح ان کے حکم سے کسی پر ظلم کرنے کی اجازت بھی نہیں دیتا۔

لہذا صورت مسؤلہ میں  آپ نے اپنی پسند سے شادی کی اس لیے آپ کے والدین آپ کی بیوی پسند نہیں کرتے اور اس وجہ سے وہ طلاق کا مطالبہ کرتے ہیں تو ان کا یہ مطالبہ درست نہیں ہے اور آپ کے لیے  ان کا یہ مطالبہ  ماننا اور طلاق دینا  درست نہیں  ۔ اور  آپ یہ بھی کرسکتے ہیں  کہ قریب  کسی الگ گھر میں رہائش رکھیں اور  اپنے والدین کے ساتھ رابطہ میں رہیں اور ان کے ساتھ حسنِ سلوک سے پیش آئیں۔

فی مرقاة المفاتيح: (1/ 132):

"عن معاذ قال: «أوصاني رسول الله صلى الله عليه وسلم بعشر كلمات، قال: " لاتشرك بالله شيئًا، وإن قتلت وحرقت، ولاتعقن والديك وإن أمراك أن تخرج من أهلك ومالك. (ولاتعقن والديك) أي تخالفنهما، أو أحدهما فيما لم يكن معصية إذ لا طاعة لمخلوق في معصية الخالق ( «وإن أمراك أن تخرج من أهلك» ) أي: امرأتك أو جاريتك، أو عبدك بالطلاق أو البيع أو العتق أو غيرها (ومالك) : بالتصرف في مرضاتهما. قال ابن حجر: شرط للمبالغة باعتبار الأكمل أيضًا أي: لاتخالف واحدًا منهما، وإن غلا في شيء أمرك به، وإن كان فراق زوجة أو هبة مال، أما باعتبار أصل الجواز فلايلزمه طلاق زوجة أمراه بفراقها، وإن تأذيا ببقائها إيذاءً شديدًا؛ لأنه قد يحصل له ضرر بها، فلايكلفه لأجلهما؛ إذ من شأن شفقتهما أنهما لو تحققا ذلك لم يأمراه به فإلزامهما له مع ذلك حمق منهما، ولايلتفت إليه، وكذلك إخراج ماله".

والله اعلم بالصواب

احقرمحمد ابوبکر صدیق غَفَرَاللہُ لَہٗ

دارالافتاء ، معہد الفقیر الاسلامی، جھنگ