Question #: 3086
February 01, 2023
Assalamulakum..mera 1 sawal hai...kya yoga sirf exercise ki niyat se kerna jaiz hai?
Answer #: 3086
الجواب حامدا ومصلیا
اگر کوئی شخص اپنے جسم کو تندرست رکھنے کے لئے یا کوئی مریض ہو اور ڈاکٹر حضرات اس کے علاج کے لیے یوگا ورزش تجویز کرے تو ان شرائط کے ساتھ اس کی گنجائش ہے:
- ماہر اطباء یوگا کے بارے میں اس بات کی تصدیق کرتے ہوں کہ یوگا انسانی امراض کے علاج کے لیے یا انسانی جسم کو تندرست رکھنے میں مفید ہے۔
- ہندوؤں کے یوگیوں یا غیر مسلموں سے یوگا ورزشیں نہ سیکھی جائیں ،کیونکہ اس میں دینی اور اخلاقی بگاڑ کا قوی اندیشہ ہے اور یہ عمل صرف ورزش کی غرض سے کیا جائے اس میں عبادت کی کوئی نیت شامل نہ ہو۔
- یوگا ورزشیں سیکھنے کے لیے کسی بھی غیر مذہب کی عبادت گاہوں ( مثلا مندروں ) کارخ نہ کیاجائے۔
- ورزش مرداور خواتین کے مخلوط ماحول میں نہ ہو۔
- یوگا ورزش کرنے والے کے ذہن میں کوئی شرکیہ عقیدہ نہ ہو۔
- یوگا ورزش کے وقت یوگیوں کے مخصوص ( گیر ویعنی لال رنگ کا ) کا لباس پہننے کو ضروری نہ سمجھاجائے۔
- یوگا ورزش سورج کے طلوع ہوتے وقت نہ کی جائے، کیونکہ یہ ہندوؤں کی عبادت ( یوگا ) کا وقت ہے، ا س وقت میں یوگا ورزش کرنے سے ہندوؤں کی عبادت کے ساتھ مشابہت لازم آتی ہے۔
- ورزش کے دوران ستر ڈھکنے کا مکمل اہتمام ہو۔
- یوگاورزش کرنے سے پہلے، یا ورزش کے دوران ، یا ورزش کےا ختتام پر پڑھےجانے والے اسلامی تعلیمات کے خلاف مضامین پر مبنی مخصوص کلمات ( اشلوک ) ادا نہ کرے۔
- ورزش کے دوران کسی بھی طرح ہندوؤں کے طریقہ کی نقالی نہ ہو، مثلا! ورزش کے دوران دونوں ہاتھ جوڑ کر پر نام ونمستے کرنا، یایوگیوں کی طرح فاسد عقیدہ رکھ کر آنکھیں بند کرکے مراقبہ کرنا وغیرہ۔
- جو ورزش کی جائے وہ جسمانی لحاظ سے مضر نہ ہو ، مثلا ً ورزش کے دوران ٹکٹکی باندھ کر سورج کی طرف دیکھنا ، کیونکہ اس سے آنکھوں کی بینائی متاثر ہوتی ہے۔
- یوگا ورزش علاج کے لیے یا اپنے جسم کو تندرست رکھنے کی نیت سے کی جائے محض وقت گزاری کے لیے نہ کی جائے۔
- یوگا ورزش کرنے والا یوگامیں مہارت ھاصل کرنے اور اس کے ذریعہ خلاف عادت افعال پرقادر ہونے کے درپے نہ ہو۔
- محض یوگا ورزش میں بہتری اورترقی کے حصول کے لیے حلال چیزوں ( مثلاً گوشت ) سے پرہیز کا التزام نہ کرے۔
- یوگا ورزش میں اس قدر انہماک نہ ہو کہ فرائض اورواجبات میں کوتاہی واقع ہو۔
(مستفاد از فتوی جامعہ دارالعلوم کراچی)
والله اعلم بالصواب
احقرمحمد ابوبکر صدیق غَفَرَاللہُ لَہٗ
دارالافتاء ، معہد الفقیر الاسلامی، جھنگ